سرینگر // شدید بارشوں اور برف باری کے سبب وادی کو زمینی راستے سے بیرون دنیا سے جوڑنے والی سری نگر جموں شاہراہ پر جمعرات کو گاڑیوں کی آمدورفت کلی طور پر معطل رہی۔اس دوران وادی کا بیرون ملک سے فضائی رابطہ بھی منقطع رہا ۔شاہراہ پر بدھ کو بھی بارشوں کے سبب گاڑیوں کی آمدورفت جزوی طور پر معطل رہی ۔ ٹریفک پولیس نے بتایا ’شدید بارشوں اور برف باری کے سبب شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے‘۔ انہوں نے بتایابدھ اور جمعرات کی درمیانی رات رام بن اور رام سو کے درمیان بھاری برکم مٹی کے تودے گرآنے کے سبب شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت نا ممکن بن گئی ہے۔ شاہراہ کے بند ہونے کے سبب گاڑیاں جموںمیں کئی ایک مقامات بشمول ادھم پور اور نگروٹہ میں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ اسی طرح سینکڑوں کی تعداد میں گاڑیاں قاضی گنڈ اور اننت ناگ میں درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں۔ ادھر ایس ایس پی ائر پورٹ منظور احمد دلال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرینگر سے جموں اور دیگر مقامات کیلئے جانے والی پروازوں پر بھی موسمی صورتحال کا اثر رہا۔انہوں نے کہا کہ سرینگر ائر پورٹ سے14پراوزوں نے اڑانیں بھریں تاہم7پروازیں معطل ہوگئیں۔