اننت ناگ//سینئر کانگریس لیڈر غلام نبی آزاد نے کہا کہ نریندر مودی کو انسانیت پر کوئی بھروسہ نہیں ہے۔لارنو کوکر ناگ میںانتخابی جلسے کے اختتام پر آزاد نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370 ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ ان کا کہنا تھا’’مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ارون جیٹلی اتنی ڈگریاں خراب کیوں کررہے ہیں، اگر انہیں نہیں معلوم کہ دفعہ 370 کی بدولت جموں وکشمیر کا بھارت سے کیا تعلق ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے اپنی پوری پڑھائی ضائع کی ہے۔ جموں وکشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ جب تک انسانیت زندہ ہے دفعہ 370 تب تک قائم رہے گا'۔غلام نبی آزاد نے کشمیر شاہراہ پر سویلین ٹریفک پر عائد ہفتے میں دو روزہ پابندی کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا حکم نامہ محمد تغلق جیسا شخص ہی جاری کرسکتا ہے۔ان کا کہنا تھا 'ایسا حکم نامہ صرف محمد تغلق جیسا آدمی ہی جاری کرسکتا ہے۔ مودی کے وقت میں کچھ بھی ہوسکتا ہے۔ یہ ڈکٹیٹرشپ کی واپسی ہے۔ جموں وکشمیر میں جو بھی قانون لگانا چاہتے ہیں، لگا لیتے ہیں۔ ذرا ایسا کوئی قانون دلی یا گجرات میں لگائے۔ اگر کسی اور جگہ 48 گھنٹے ٹریفک بند کریں گے تو وزیر اعظم کی کرسی جائے گی۔ گورنر انتظامیہ اور سرکاری کو ہوش میں آنا چاہیے۔ شاہراہ پر پابندی بہت غلط فیصلہ ہے۔ پہلے تو گولیوں سے لوگ مرتے تھے اب سڑکیں بند کرنے سے مرتے ہیں'۔