ادہم پور //مرکزی وزیر برائے ٹرانسپورٹ نتن گڈکری نے ریاست میں شاہرائوں کی تعمیر کے لئے اگلے دو برس کے اندر 7000کروڑ روپے صرف کرنے کا اعلان کیا۔ وہ بٹل بالیاں ادہم پور میں منعقدہ عوامی ریلی سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ جموں شہر کے ارد گرد رِنگ روڈ کی تعمیر کی جا رہی ہے جس پر 2100کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے جب کہ سرینگر شہر کے ار دگرد تعمیر ہونے والی ایسی ہی رِنگ روڈ پر 2200کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں رنگ روڈ کے لئے ٹینڈر طلب کر لئے گئے ہیں جب کہ سرینگر رنگ روڈ کیلئے عنقریب ٹینڈر طلب کئے جائیں گے اور تین ماہ کے اندر کام شروع کر لیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 6000کروڑ روپے کی لاگت سے زوجیلہ ٹنل تعمیر کیا جا رہاہے۔ گڈکری نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال 2016-17کے دوران ریاست میں زیر تعمیر 72پروجیکٹوں کے لئے 1019کروڑ روپے منظور کئے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ رابطوں کو مزید مربوط بنانے کے لئے ریاست میں 13ٹنل تعمیر کئے جائیں گے۔