کراچی؍ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں چند دنوں سے اچھا محصوس نہیں کر رہا تھا اور میرے جسم میں بہت درد تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے کورونا کا ٹیسٹ کرایا، جو بدقسمتی سے مثبت آیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے جلد صحتیابی کے لیے آپ سب کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے سابق کپتان اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے غریب و نادار طبقے کی مدد کے لیے مسلسل ملک کے مختلف صوبوں اور دور دراز علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔شاہد آفریدی نے اپنے فلاحی کاموں کے سلسلے میں خیبر پختونخوا کے قبائلی علاقہ جات، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور وہاں مستحق افراد میں امداد تقسیم کی تھی۔گزشتہ دنوں شاہد آفریدی بلوچستان کے دورے پر تھے، جہاں ان کی ایک بچے کو جوتے پہناتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرس ہو گئی تھی اور لوگوں نے ان کے اس اقدام کو بہت سراہا تھا۔