عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تھنہ منڈی اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے شاہدرہ سے آجہ (Ajah) روڈ بذریعہ بندیان کی بلیک ٹاپنگ کے کام کا باضابطہ افتتاح کیا۔اس موقع پر علاقہ کی معزز شخصیات، جن میں مشتاق احمد شال، حاجی کرامت اللہ خان، منشی خان اور سردار محمد صفور کے علاوہ مقامی لوگوں کی ایک بڑی تعداد وجود تھی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم ایل اے مظفر اقبال خان نے کہا کہ شاہدرہ—آجہ رابطہ سڑک کی بلیک ٹاپنگ نہ صرف مقامی آبادی کو معیاری اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرے گی بلکہ اس سے پورے خطے کی ہمہ جہت ترقی کے نئے در وا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سڑک علاقہ کی بنیادی ضروریات میں شمار ہوتی ہے اور اس کی تعمیر و مضبوطی سے روزانہ سفر کرنے والوں کو بڑی آسانی میسر آئے گی، جبکہ مقامی سطح پر تجارت، تعلیم اور آمدورفت میں نمایاں بہتری واقع ہوگی۔ علاقہ مکینوں نے اس دیرینہ مطالبے کی تکمیل پر ایم ایل اے مظفر اقبال خان اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ بلیک ٹاپنگ کا یہ منصوبہ علاقہ کی ترقی میں سنگ میل ثابت ہوگا اور معاشی سرگرمیوں پر اس کے مثبت اثرات جلد ظاہر ہونا شروع ہو جائیں گے۔ مقامی آبادی اس اقدام کو علاقے کے روشن مستقبل کی سمت ایک قابلِ تحسین قدم قرار دے رہی ہے، جو نہ صرف بہتر سڑکوں بلکہ بہتر سہولیات کی فراہمی کا ضامن ہے۔