عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // سب ڈویژن تھنہ منڈی کے تحت شاہدرہ بس اسٹینڈ سے کھبل کے مڈل اسکول تک جانے والی رابطہ سڑک گزشتہ چار سے پانچ برسوں سے تشنہ تکمیل ہے، جس کی وجہ سے مقامی آبادی شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ سڑک کی خستہ حالی کے باعث نہ صرف آمدورفت میں دشواری ہو رہی ہے بلکہ پیدل چلنا بھی محال ہو چکا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک کی تعمیر کا آغاز چند سال قبل ہوا تھا، لیکن کام کی رفتار ابتدا سے ہی سست روی کا شکار رہی۔ بعد ازاں نامعلوم وجوہات کی بنا پر تعمیری عمل مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ موجودہ صورتحال یہ ہے کہ سڑک جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے اور گہرے کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے، جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔یہ سڑک محکمہ پی ایم جی ایس وائی (PMGSY) کے تحت تعمیر ہونی تھی، مگر مقامی ذرائع کے مطابق منصوبے کے دوران کئی زمینداروں کو ان کی اراضی اور مکانات کا معاوضہ تک ادا نہیں کیا گیا، جس سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جا رہی ہے۔شاہدرہ شریف سے تعلق رکھنے والے متعدد نوجوانوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک پر جلد از جلد تعمیری کام دوبارہ شروع کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پروٹیکشن وال، کلوٹ اور نالیوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ فوری طور پر کنکریٹ اور تارکول بچھانے کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل ختم ہوں۔مقامی شہریوں نے ضلع انتظامیہ راجوری سے پْر زور اپیل کی ہے کہ اس معاملے میں فوری مداخلت کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ کو سڑک کی جلد از جلد تکمیل کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ عوام کو بنیادی سفری سہولیات میسر آ سکیں۔یہ سڑک نہ صرف شاہدرہ شریف اور کھبل کے درمیان ایک اہم رابطہ ہے بلکہ یہ درجنوں دیہات کے باشندوں کے لئے روزمرہ آمدورفت کا بنیادی ذریعہ بھی ہے۔ سڑک کی موجودہ حالت عوامی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے، جس کے تدارک کے لئے فوری اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔