سرینگر//شانگس اچھہ بل اننت ناگ میں پی ڈی پی سے وابستہ سابقہ پنچایت ممبر کو اس کے زیر تعمیر رہائشی مکان کی چھت سے پر اسرار حالات میں مردہ برآمد کیا گیا۔اس کے جسم پر زخموں کے کچھ نشانات بھی ہیں اور پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ اننت ناگ سے اطلاع دی ہے کہ پیر کی صبح ضلع کے شانگس اچھہ بل علاقے میں اُ س وقت سنسنی پھیل گئی جب 45سالہ شبیر احمد وانی ولد عبدالرحمان ساکن وکیل بالن کی لاش پر اسرار حالات میں برآمد کی گئی۔اس بارے میں جب مقامی لوگوں نے پولیس کو اطلاع دی تو پولیس کی ایک ٹیم نے شبیر احمد کے رہائشی مکان سے تھوڑی دوری پر اس کے زیر تعمیر یک منزلہ نئے مکان کی چھت(سلیب) سے اسے مردہ برآمد کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اس کے ماتھے اور آنکھوں کے نچلے حصے پر زخموں کے نشانات تھے اور وہ اپنے گھر سے نئے مکان کی تعمیر کا جائزہ لینے کےلئے روانہ ہوا تھا۔شبیر احمد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ حکمران پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی سے وابستہ ایک سابق پنچایت ممبر بھی تھا۔اس کی لاش جب قانونی اور طبی لوازمات کی ادائیگی کے بعد اس کے ورثاءکے سپرد کی گئی تو علاقے میں صف ماتم بچھ گئی۔ اس واقعہ سے علاقے میں خوف و ہراس اور سنسنی کا ماحول ہے اور لوگ اس بارے میں طرح طرح کی چہ مگوئیاں کررہے ہیں۔فوری طور پر شبیر احمد کی ہلاکت سے متعلق حالات و واقعات واضح نہیں ہوسکے ہیں، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی نسبت سی آر پی سی کی دفعہ174کے تحت کیس رجسٹر کرکے چھان بین کا آغاز کیا گیا ہے۔پولیس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کچھ نےوز اےجنسیاںسابقہ پنچ کی موت کو نا معلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں بتارہے ہےں جوکہ سراسر جھوٹ ہے ۔ےہ بات عےاں ہے کہ متوفی کی لاش پرنہ گولی لگنے کے اور نہ ہی جسم پر کسی بھی قسم کے تشدد کے نشان پائے گئے۔البتہ ابتدائی تفتےش کے دوران پتہ چلا کہ متوفی مذکورہ کی موت حادثاتی طور پر گرنے سے ہوئی ہے۔