سرینگر//ضلع اننت ناگ کے شانگس حلقہ سے آئے ہوئے ایک وفد نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی رہائشگاہ پر اُن کے ساتھ ملاقات کر کے علاقہ کے لوگوں کو درپیش مشکلات اور ترقیاتی مسائل سے آگاہ کیا۔کھادی اینڈ ولیج انڈسٹریز بورڈ کے وائس چیئرمین پیرزادہ منصور حسین کی قیادت میں آئے اس وفد نے وزیر اعلیٰ کو انفرادی اور اجتماعی مسائل کے بارے میں جانکاری دی۔وزیر اعلیٰ کے ساتھ بات چیت کے دوران وفد نے انہیں صحت، سڑک رابطوں اور علاقہ کے دیگر ترقیاتی مسائل کے بارے میں ایک یاداشت پیش کی۔علاقہ میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے انہوں نے وزیر اعلیٰ سے استدعا کی نوگام اور اچھہ بل پرائمری ہیلتھ سینٹروں کو سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کے طور ترقی دی جائے ۔ انہوں نے سڑک رابطوں خصوصاً براک پورہ۔ کنگن ہال ۔ چھتر گُل سڑک کی تعمیر وتجدید کے حوالے سے بھی اپنے مطالبات پیش کئے۔وفد نے دیہٹو میں جموں وکشمیر بنک کی شاخ کھولنے کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ اُ ن کی جانب سے پیش کئے گئے مطالبات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو تمام بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مہیا کی جانے والی سہولیات میں مزید بہتری لانے کی وعدہ بند ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ معقول مطالبات پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا۔