سرینگر // دن بھر گرمی سے پریشان حال لوگوں نے کل سورج ڈھلتے ہی لالچوک کا رخ کیا جس دوران آئس کریم اورٹھنڈے مشروبات کی دکانوں پرلوگوں کی بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی ۔کلفی دکانوں پر بھی گرمی سے پریشان لوگ اپنے بچوں سمیت کلفی ، شیک اور دیگر مشروبات پیتے ہوئے دیکھے گئے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں اِن مشروبات کو پینے سے نا صرف گرمی کا احساس کم ہوتا ہے بلکہ جسمانی اور ذہنی تازگی بھی لوٹ آتی ہے۔ دن میں سخت ترین گرمی کی وجہ سول لائنز میں اگرچہ لوگوں کی کم تعداد کو دیکھا گیا تاہم شام ہوتے ہی شہر کے لاچوک میںواقع پرتاپ پارک میں لوگوں کا بھاری رش دیکھا گیا جبکہ ریذیڈنسی روڈ پر ٹھنڈے مشروبات اور آئس کریم دکانوں پر لوگوں کو کلفی ، آئس کریم اور مشروبات لیتے ہوئے دیکھا گیا ۔لوگوں کا کہنا تھا کہ دن میںگرمی کی وجہ سے گھروں سے باہر آنا انتہائی مشکل بن گیا اس لئے شام ہوتے ہی مشروبات اور آئس کریم کھانے کیلئے باہر آئے اور گرمی سے کچھ راحت پائی۔