جموں//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرول کے وزیر شیام لعل چودھری نے کہا ہے کہ سچیت گڈھ کے ہر گائو ں میں بجلی سپلائی کو بہتر بنانے کے لئے ٹرانسفارمروں اور دیگر سازو سامان کی دستیابی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ موجودہ موسم گرما کے دوران لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار سچیت گڈھ میں ایک عوامی دربار کے دوران کیا۔ رنگ پور ملانہ ، کورتانہ خورد ، ڈبلیہار ،کوٹلی رہیاں ،سائی کیمپ ، فلورا ،ستریاں اور دیگر ملحقہ دیہات سے آئے لوگوں نے وزیر کو اپنے مسائل اور مشکلات کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے ان علاقوں میں بجلی کی صورتحال میں مزید بہتر ی لانے کا م مطالبہ کیا۔ان لوگو ںنے اپنے اپنے علاقوں میں پینے کے پانی ، سڑکوں کی تعمیر و تجدید ، گلی کوچوں اور ڈرینوں کی تعمیر ، صحت وصفائی اور تعلیم کے شعبوں میں درپیش مشکلات کے ازالہ کا بھی مطالبہ کیا۔ وزیر نے ان کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل او رمشکلات حل کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی جائز مطالبات کو مرحلہ وار بنیادوں پر پورا کیا جائے گا۔وزیر نے مزید کہا کہ حکومت سرحدی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کا معیار زندگی مزید بہتر بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے اور غریب طبقے ، خواتین ، نوجوانوں اور کسانوں کی بہبود کی جانب خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔