گاندربل//صحت عامہ ، آبپاشی و فلڈکنٹرو ل کے وزیر شیام چودھری نے کہا کہ مرکزی حکومت نے سماج کے تمام طبقوں کے لوگوں کے سماجی و اقتصادی منظرنامے میںبہتری لانے کیلئے کئی جامع اقدامات کئے ہیں۔انہوںنے کہاکہ پچھلے تین برسوںکے دوران حکومت نے پچھڑے طبقے کے لوگوں ، کسانوں اور غریبوں کی بہبودی کے لئے مختلف سکیمیں شروع کی ہیں۔وزیر نے ان خیالات کا اظہار گاندربل میں ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن لمٹیڈ کی طرف سے مرکزی حکومت کے تین سال مکمل ہونے پر سب کا ساتھ سب کا وِکاس سمیلن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چیئرمیں سیکاپ ڈاکٹر جہانگیر علی ، وائس چیئرمین ہارٹیکلچر جی ایم میر، ڈپٹی کمشنر گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلا کے علاوہ کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجودتھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ مرکزی حکومت نے پچھلے تین برسوں کے دوران لوگوں کو بہتر حکمرانی فراہم کی ہے اور مختلف شعبوں میں اختراعی منصوبے عملائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تین برسوں کے دوران مختلف طبقوں کو بااختیار بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی جامع ترقی کو یقینی بنایا گیا ۔انہوںنے کہا کہ اس مدت کے دوران غریب کنبوں میں ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے گئے ۔ جن دھن سکیم کے تحت 26کروڑ لوگوں نے بینک کھاتے کھولے گئے اور انہیں مختلف سماجی تحفظاتی سکیموں کے دائرے میں لایا گیا۔ انہوں نے کہاکہ سٹاٹ اَپ انڈیا ، سٹینڈ اَپ انڈیا اور میک اِن انڈیا جیسی سکیموں کی بدولت نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل دستیاب ہوئے ہیں۔ اس دوران انہوںنے کئی دیگر سکیموں کا بھی ذکر کیا۔وزیر نے اس موقعہ پر گاندربل ضلع کے غریب کنبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین میں پی ایم یووائی کے تحت مفت ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے کہا کہ وہ عام لوگو ںکو فلاحی سکیموں سے روشنا س کرانے کے لئے بیداری کیمپوں کا انعقاد کریں۔وی سی سیکاپ ڈاکٹر جہانگر علی نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی عوام دوست سکیموں کواُجاگر کیا ہے۔وی سی ہارٹیکلچر جی ایم میر نے کہا کہ حکومت لوگوں کو ترقی کی ایک نئی ڈگر پر لانے کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے ۔انہوںنے سکیموں کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے دوران پچھلے تین برسوں کے دوران مرکزی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی پروگراموں اور اقدامات کو بھی اُجاگر کیا گیا۔بعد ازاں حکومت کی کارکردگی سے متعلق ایک شارٹ فلم بھی اس موقعہ پر دکھائی گئی۔