جموں //صحت عامہ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے عوامی خدمات میں زمینی سطح پر بہتری لانے کے لئے لوگوں کا رد عمل جاننے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وزیر نے آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کے اہلکاروں کو ہر علاقہ میں سروے کرنے اور آبپاشی کوہل کی صورتحال جاننے کے ساتھ ساتھ اُن میں پانی کی گنجائش کے تعلق سے ایک ڈاٹا بنک تیار کرنے کی ہدایت دی۔وزیر موصوف نے یہ ہدایت آج یہاں آبپاشی وفلڈ کنٹرول محکمہ کی ایک جائیزہ میٹنگ کے دوران دی۔وزیر نے رنبیر کنال، پرتاپ کنال، راوی توی اری گیشن کمپلیکس میں پانی کے بہاؤ کی صورتحال کا تفصیلی جائیزہ لیا۔شام چودھری نے کوہلوں کے کناروں پر شجرکاری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے شگاف پڑنے کے عمل کو روکنے میں مددملتی ہے۔انہوں نے غیر قانونی تجاوزات کو ہٹانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ریاست میں زرعی سیکٹر کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ ہر کسان کو آبپاشی کی بہتر سے بہتر سہولیات میسر ررہنی چاہئے تا کہ بہتر فصلیں حاصل کی جاسکیں۔میٹنگ میں راوی توی اری گیشن کمپلیکس کے چیف انجنیئر ایچ سی جیرتھ کے علاوہ دیگر افسران بھی موجود تھے۔