سرینگر// صحت عامہ، آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے وزیر شام لال چودھری نے وادی میں موسلا دھار بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال کا جائیزہ لینے کے لئے کل شہر سرینگر کا دورہ کیا۔ایم ایل سی رمیش اروڑہ اور متعلقہ چیف انجنئیرز اور دیگر افسران بھی وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔وزیر موصوف نے رام مُنشی باغ، زیرو برج، مہجور نگر، رام باغ، آلوچہ باغ، ٹینگ پورہ اور بمنہ کا دورہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ محکمہ نے بحالی کے کاموں کے لئے عملے اور مشینری کو کام پر لگایا ہے اور مختلف علاقوں میں12 لاکھ ریت کی بوریاں دریائے جہلم کے کناروں پر دستیاب رکھی گئی ہیں۔وزیر نے افسران کو اضافی ریت کی بوریاں دستیاب رکھنے اور اہم مقامات پر عملے اور مشینری کو تیار رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے باندھوں کے تخفظاتی کاموں میں سرعت لانے کی بھی ہدایت دی۔دورے کے دوران وزیر نے کئی عوامی وفود سے بات کر کے انہیں یقین دلایا کہ سرکار دریائے جہلم کے تحفظ کے لئے جامع فلڈ منیجمنٹ پلان تشکیل دے گی تا کہ اس میں پانی سمانے کی صلاحیت میں اضافہ کے ساتھ ساتھ سیلاب کے خطرات کو کم کیا جاسکے۔