جموں//وزیر برائے پی ایچ ای، آبپاشی وانسداد سیلاب شام لال چوہدری نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کادورہ کرکے گذشتہ روز آرایس پورہ میں سرحدپارکی گولہ باری سے زخمی ہوئے افراد کی عیادت کی۔اس دوران وزیر موصوف نے گولہ باری سے متاثرہ افراد کے تیمارداروں سے علاج ومعالجہ سے متعلق جانکاری حاصل کی۔ اس موقعہ پرشام لال چوہدری نے ہسپتال انتظامیہ کو زخمیوں کوہرممکن طبی سہولیات مفت مہیاکرانے کی ہدایت دی۔ زخمیوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر موصوف نے انہیں ہرممکن امدادکی یقین دہانی کرائی۔ بعدازاں وزیربرائے پی ایچ ای ، آبپاشی وانسدادسیلاب شام لال چوہدری نے آرایس پورہ کادورہ کرکے وہاں مقامی ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوں نے ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کو چوبیسوگھنٹے بالخصوص رات کے وقت متحرک رہنے کی ہدایت دی اورکہاکہ زخمیوں کوبہترعلاج ومعالجہ کی سہولیت کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔اس موقعہ پر وزیر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ کی طرف سے قائم کئے گئے کیمپوں میں منتقل ہوجائیں تاکہ وہ آرپارکی فائرنگ کے دوران محفوظ رہ سکیں۔اس موقعہ پر لوگوں کوبتایاگیاکہ کیمپوں میں تمام طرح کی سہولیات دستیاب ہیں۔بعدازاں وزیر نے بڑیال قاضیان تا باجے چک سڑک پرتال کول بچھانے کے کام کوبھی شروع کیاجس پر 60لاکھ روپے کی لاگت آئے گی۔