جموںّ//عرصہ بیالیس سے برس اپنی ادبی سرگرمیوں کیلئے معروُف ریاست کی سرکردہ کثیر اللثانی ادبی تنظیم ’ادبی کُنج جے اینڈ کے جموّں‘ کے زیر اہتمام گذشتہ روز اِس کے ادبی مرکز کڈ زی سکول تالاب تِلّو جموّں میں خاص مُبارکبادی ادبی نِشست کا انعقاد کِیاگیا۔جِس کی صدارت کے فرائض تنظیم کے چیئرمین آرش ؔ دلموترہ راج پوری نے سر انجام دِئے۔جبکہ نِظامت کے فرائض تنظیم کے ادبی سیکرٹری بِشن داس خاکؔ نے انجام دِئے ۔ نشِست کے پہلے دو ر میں چئیرمین آرشؔ دلموترہ نے ایک قرارداد پیش کی۔جِس میں تنظیم کے صدر شام طالب ؔکو جانی مانی ادبی تنظیم نویٖں ڈوگری سنستھا جمّوں اور تسکیٖن پبلیکیشنز کی جانب سے لائف ٹائم اچیو منٹ ایوارڈسے نوازے جانے پر اُنھیں اپنی اور اپنی تنظیم کے سبھی ممبران کی طرف سے مُبارکبادپیش کی گئی۔جو اُنھیں اُن کی تمام زندگی میں ادب کی خدمات میں اپنا بیش قیمت حِصّہ ڈالنے کے عِوض میں عطا کِیا گیا تھا۔ آپ نے کہا کہ تنظیم کے صدر کو دِیا گیایہ ایوارڈصِرف شام طالبؔ کیلئے ہی باعثِ مسّرت نہیں بلکہ ساری تنظیم کے لئے باعث َ فخر بھی ہے۔ اِس موقعہ پر دیگر ممبران میں راج کملؔ، بِشن داس خاکؔ اور اشوک منطقؔ نے بھی صدرِ تنظیم کو اُن کی بے لوث ادبی خدمات کیلئے اُن کے اعلیٰ کردار کو سراہا اور دِل کی گہرائیوں سے مُبارکباد پیش کی۔آرشؔ دلموترہ نے شام طالبؔ کی پرُ وقار ادبی شخصیّت کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کرتا ہُوا ایک خصوُصی اُردوُ پیپر بعنوان ’ شام طالب ؔ ادب کے طالب‘ ایک بار پھِر پڑحا۔ جِسے اُنھوں نے کے ایل سہگل ہال میں منعقدہ اُس اعزازی تقریب میں بھی پڑھا تھا اور اُسے ہال میں تشریف فرما تمام حاضرین نے بہُت پسند کِیا تھا۔نِشست میں حاضرین نے اِس پیپر کے اسلوُبِ بیان و طرزِ نِگارش کی کھُلے دِل سے تعریف کی۔اِس نِشست کے نثری دوَر میں ایک پُر معنی افسانہ ’ سِلسِلہ ‘ شام طالب نے بھی پیش کِیا۔یہ افسانہ ریاست پنجاب کے ایک اُردوُ جریدہ ’ پروازِ ادب‘ میں مئی جوُن 2013کے شُمارہ میں بھی شائع ہوُا تھا۔ آج کے شعری دوَر میں شامل ہوئے شعرا حضرات نے اِس ماہ کے طرح مِصرع ’ ہے یقیٖں مُجھ کو کہ میری زندگی مِل جائے گی‘ پر بھی اپنی طرحی غزلیں پیش کیٖں۔نِشست کا اِختتام تنظیم کے سیکرٹری اشوک منطقؔ کی طرف سے پیش کی گئی شُکریہ کی تحریک سے ہوُا۔