ریاض // شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی اسیٹفن دی میستورا شامی دھڑوں میں مذاکرات کی بحالی کے لیے ایک بار پھر سرگرم ہوگئے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان فرحان حق نے کہا ہے کہ دی میستورا شام میں امن بات چیت آگے بڑھانے کے لیے ماسکو اور ترکی کے دورے سے سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں انہوں نے شامی اپوزیشن کے نمائندوں سے بات چیت کی ہے۔ترجمان کے مطابق دی میستورا نے ریاض میں شامی اپوزیشن کے نمائندوں سے ملاقات میں اہم ایشوز پر بات چیت کی ہے۔ سعودی عرب میں مذاکرات کے بعد وہ اگلے مرحلے میں ماسکو اور وہاں سے انقرہ جائیں گے۔ ان کے اس دورے کا مقصد شام میں قیام امن کے لیے جاری مساعی کو آگے بڑھاتے ہوئے جنیوا اجلاس کی تیاری کی جاسکے۔ادھر دوسری جانب روسی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے شام کے لیے خصوصی ایلچی ماسکو میں روسی حکام سے بات چیت کریں گے۔اقوام متحدہ کی طرف سے گزشتہ منگل کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا تھا کہ دمشق میں لڑائی کے باوجود شامی اپوزیشن اور حکومت نے رواں ہفتے جنیوا اجلاس میں شرکت پر آمادگی ظاہر کی ہے۔اقوام متحدہ کی خاتون ترجمان الیسانڈرا فلوچی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ہونے والے مذاکرات کے تمام ادوار میں مدعو کیے گئے نمائندوں نے شرکت کی ہے۔ فروری میں ہونے والے بات چیت کے ادوار میں تمام فریقین نے شرکت کی تھی۔اسٹیفن دی میستورا کے معاون خصوصی رمزی عزالدین رمزی کو آج ہونے والے پانچویں جنیوا اجلاس میں شامی رجیم اور اپوزیشن کے وفود کے استقبال کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔جنیوا بات چیت سے قبل دی میستورا شام میں جنگ بندی کے ضمان ممالک روس اور ترکی کا دورہ کریں گے تاکہ آج سے شروع ہونے والے پانچویں جنیوا اجلاس کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔