عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر وجے کمار بدھوری نے بدھ کو حبک میں سرینگر سمارٹ سٹی لمیٹڈ اور محکمہ آر اینڈ بی کے ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے شالیمار کنال اور نشاط ستھو کی خوبصورتی اور ڈیولپمنٹ کے کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ان کے ساتھ سی ای او سماارٹ سٹی اطہر عامر اور آر اینڈ بی اور اسمارٹ سٹی لمیٹڈ کے افسران بھی موجود تھے۔اپنے دورے کے دورانصوبائی کمشنرنے حبک میں فورشور روڈ پر کام کی پیشرفت کا معائنہ کیا جہاں آر اینڈ بی اور ای ایس سی ایل کی جانب سے فیزدوم کے تحت دوسرے ٹریک پر ترقیاتی کام چل رہا ہے۔اس موقع پر صوبائی کمشنر نے متعلقہ ایگزیکیوٹنگ ایجنسیوں کو ہدایت کی کہ وہ روڈ کی ترقی کیلئے کام کو تیز کریں اور اسے میکڈامائز کریں تاکہ سردیوں سے قبل سڑک کو آمدورفت کے لیے کھلا قرار دیا جائے۔صوبائی کمشنر نے شالیمار کنال کی خوبصورتی اور تعمیراتی کام میں سرعت لانے پر زور دیا۔انہوں نے تاکید کی کہ دیوار کی تعمیر اور باقی ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔اس کے علاوہ صوبائی کمشنر نے نشاط ستھو کا بھی دورہ کیا جہاں انہوںنے راہگیروںکیلئے واک وے کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ اس واک وے پر جاری کام کو حتمی شکل دی جائے اور اسے باقاعدہ افتتاح کے لیے تیار کیا جائے۔