سرینگر//انجمن شرعی شیعیان زون شالیمار کے اراکین و عاملین کا ایک روزہ کنونشن تنظیم کے سربراہ آغا سید حسن کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں تمام تنظیمی عہدیداروں کے علاوہ علاقہ کے مدعو معززین اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ کنونشن میں تنظیمی معاملات زیر بحث لائے گئے اور علاقہ شالیمار میں تنظیم کی مزید فعالیت کیلئے مندوبین کی مشاورت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کی گئی۔ مندوبین نے انجمن شرعی شیعیان کی تبلیغی خدمات اور مختلف ادوار میں خطہ کشمیر میں مسلک شیعہ کے استحکام کیلئے اسلاف علماء دین کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ تنظیم کے مقدس مشن کو جاری و ساری رکھنے کیلئے اراکین و عاملین ہر سطح پر تجدید وفا کا مظاہرہ کریں گے۔ کنونشن میں تنظیم کے اہتمام سے شالیمار میں منعقد ہونے والے دینی پروگراموں کی شایان شان عمل آوری کے دیرینہ سلسلے کو من و عن جاری رکھنے کے حوالے سے مختلف امورات کو زیر غور لایاگیا۔ آغا سید حسن نے اراکین و عاملین کے جذبہ ایثار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اسلاف علماء دین کی گران قدر خدمات اور تنظیم کے مقدس مشن کی اعتباریت کا نتیجہ ہے کہ لوگ ایمانی جذبے کے ساتھ تنظیم سے جُڑتے ہوئے ہیں اور صدیاں گزرجانے کے باوجود یہ عقیدت اور وابستگی متزلزل نہیں ہوسکی ۔اس موقعہ پر آغا حسن نے تمام تنظیمی زونوں کو دیہہ کمیٹیوں کے تشکیل نو کیلئے متحرک ہونے کی ہدایت دی۔