ممبئی/ کپتان وراٹ کوہلی اور نئے کوچ روی شاستری کے تعلقات نئے سرے سے پروان چڑھنے والے ہیں اور پوری امید ہے کہ سری لنکا کے دورے میں دونوں اپنے تال میل سے ٹیم کو مزید آگے لے جائیں گے ۔وراٹ اور شاستری نے سری لنکا کے دورے پر روانہ ہونے سے پہلے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا کہ کپتان اور کوچ کے درمیان بہتر تال میل ہونا بہت ضروری ہے اور دونوں نے ہی میدان کے باہر کے تنازعات کو سرے سے خارج کر دیا۔ ہندوستان کو سری لنکا کے دورے میں تین ٹیسٹ، پانچ ون ڈے اور ایک ٹوئنٹی 20 کھیلنا ہے ۔ دورے کا پہلا ٹیسٹ 26 جولائی سے گالے میں کھیلا جائے گا۔ سری لنکا پہنچنے کے بعد ہندوستانی ٹیم دو روزہ پریکٹس میچ بھی کھیلے گی۔ہندوستان کے تیسرے سب سے زیادہ کامیاب ٹیسٹ کپتان وراٹ نے کوچ کے ساتھ اپنے تعلقات کے سلسلے میں پوچھے جانے پر کہا "ہر کسی کا ہر کسی کے ساتھ تعلق ہوتا ہے اور آپ زندگی کے ہر پہلو میں اس بات کے ساتھ آگے بڑھتے ہیں۔ میں اس معاملے میں اس سے زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا۔ "کپتان نے کوچ کی تقرری کے سلسلے میں حال ہی میں پیدا ہوئے تنازعات پر کہا "ان سب باتوں کا مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے ۔ میدان سے باہر جو کچھ بھی ہوا اس کا ہم پر کوئی اثر نہیں ہے ۔ میں کبھی خود پر اضافی دباؤ نہیں ڈالتا۔ میں نے ایک کھلاڑی کے طور پر شروعات کی تھی اور ہماری صرف اسی سیریز پر توجہ مرکوز ہے جو ہم کھیلنے جا رہے ہیں۔"شاستری کا بطور کوچ یہ پہلا دورہ ہوگا۔ وہ پہلے بھی ٹیم کے ساتھ ڈائریکٹر کا کردار ادا کر چکے ہیں اور بہت دورے کر چکے ہیں لیکن وراٹ کے ساتھ کوچ کے طور پر شاستری کا یہ پہلا بڑا امتحان ہوگا۔ان کی تقرری اور کوچنگ اسٹاف کے سلسلے میں جس طرح کا تنازعہ پیدا ہوا اس کے پیش نظر یہ کہاجاتا ہے کہ کپتان اور کوچ دونوں پر ہی سری لنکا کے دورے میں دباؤ رہے گا ۔ کپتان اور کوچ کے تعلقات پر شاستری نے کہا "میں اس بات کا جواب دو حصوں میں دینا چاہوں گا۔ ایک کھلاڑی کے طور پر اور ایک کوچ کے طور پر۔ یقین مانیے اس میں کوئی مفادات کا ٹکراؤ نہیں ہو گا۔ پہلے ایک کھلاڑی کے طور پر جب آپ میچ کھیلتے ہیں تو آپ کی سوچ بالکل واضح ہونی چاہیے ۔