شارجہ// اوپنر کریگ بریتھ ویٹ کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں اپنی پوزیشن مستحکم کرتے ہوئے چھ وکٹ کے نقصان پر 244 رنز بنا لیے ہیں۔شارجہ میں کھیلے جا رہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈین اننگ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور وہ صرف 38 رنز پر تین وکٹیں گنوا بیٹھی۔جیمز بلیک وڈ نے جارحانہ بیٹنگ کی حکمت عملی اپناتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کو دباؤ میں لینے کی کوشش کی لیکن محمد عامر نے ان کی اننگ کا خاتمہ کردیا۔68 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد ویسٹ انڈین ٹیم ایک بار پھر مشکلات سے دوچار تھی لیکن اس موقع پر بریتھ ویٹ کا ساتھ نبھانے روسٹن چیز وکٹ پر پہنچے۔دونوں کھلاڑیوں نے موقع کی مناسبت سے غیرضروری شاٹس کھیلنے سے گریز کیا اور ہر خراب گیند پر رنز کرنے کی حکمت عملی اپنائی جو انتہائی کارگر رہی۔چائے کے وقفے کے بعد چیز نے نصف سنچری مکمل کی لیکن ایک غیر ضروری شاٹ کھیلنے کی پاداش میں عامر کو وکٹ دے بیٹھے۔دوسرے اینڈ پر موجود بریتھ ویٹ نے تحمل مزاجی سے بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شین ڈاؤرچ کے ساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستان کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی لیکن دن کا کھیل ختم ہونے سے چند لمحے قبل وہاب ریاض نے ڈاؤرچ کی وکٹیں بکھیرکر پاکستان کو چھٹی کامیابی دلائی۔جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز نے چھ وکٹ کے نقصان پر 244 رنز بنائے تھے جس کا سہرا کریگ بریتھ ویٹ کے سر جاتا ہے جو 95 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہے جبکہ جیسن ہولڈر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ویسٹ انڈیز کو پاکستان کا پہلی اننگ کا اسکور برابر کرنے کیلئے محض 37 رنز درکار ہیں۔اس سے قبل دوسرے دن کی صبح پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 281 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ٹیسٹ کے دوسرے روز محمد عامر اور یاسر شاہ نے 255 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا، تاہم عامر 20 اور یاسر 12 رنز بناکر جوزف کا شکار بنے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے دویندرا بشو نے 4، شینن گیبرئیل نے 3 اور الزاری جوزف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے اور گرین شرٹس کے پاس ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے کا بہترین موقع ہے۔پاکستان ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز میں کلین سوئپ کرچکا ہے اور اگر ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کردیا تو یہ پاکستان کے لیے نیا ریکارڈ ہوگا۔