یواین آئی
نئی دہلی/بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال اور پاروپلی کشیپ شادی کے سات سال بعد باضابطہ طور پر الگ ہو گئے ہیں۔سائنا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ مشترک کرتے ہوئے اپنی علیحدگی کی تصدیق کی۔ انہوں نے لکھا، کبھی کبھی زندگی ہمیں مختلف راستوں پر لے جاتی ہے ۔ سوچنے سمجھنے کے بعد، پاروپلی کشیپ اور میں نے الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ہم سکون، آگے بڑھنے اور خود کو جاننے کے راستے کا انتخاب کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید لکھا، ماضی کے لمحات کے لیے شکریہ اور مستقبل کے لیے نیک تمنائیں۔ اس وقت ہماری پرائیویسی کا احترام کرنے کے لیے شکریہ۔ہندوستانی کھیلوں میں ایک وقت میں طاقتور جوڑی سمجھے جانے والے اس جوڑے نے حیدرآباد میں پلیلا گوپی چند اکیڈمی میں ایک ساتھ تربیت حاصل کی اور 2004 میں ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنا شروع کیا۔ تقریباً دس سال کی دوستی کے بعد 2018 میں دونوں نے شادی کی۔ دونوں کھلاڑی کئی سال ہندوستانی کھیلوں کی نمایاں جوڑی رہے ۔ سائنا نے 2012 کے لندن اولمپکس میں عالمی نمبر ایک رینکنگ اور کانسی کا تمغہ جیت کر اپنی پہچان بنائی، جبکہ کشیپ نے 2014 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا اور بی ڈبلیو ایف کی ٹاپ 10 میں جگہ بنائی۔کشیپ نے 2024 میں بیڈمنٹن سے ریٹائرمنٹ لے لیا۔ پچھلے کچھ برسوں میں وہ سائنا کے کوچ بھی رہے ۔ ان کا رشتہ پہلے ٹریننگ پارٹنر سے کوچ-ایتھلیٹ کی صورت اختیار کر گیا۔ کشیپ کئی بار میچوں کے دوران کورٹ کے کنارے کھڑے ہو کر حکمت عملی دیتے دکھائی دیے ۔ جہاں کشیپ اب ریٹائر ہو چکے ہیں، وہیں 35 سالہ سائنا نے جون 2023 کے سنگاپور اوپن کے بعد کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا۔