سمت بھارگو
راجوری //ضلع راجوری کے علاقے کپہ کھا میں اتوار کی شام ایک شادی کی تقریب اْس وقت ماتم میں بدل گئی جب چھت کی بیرونی دیوار اچانک گر گئی، جس کے نتیجے میں 22 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں شامل ایک کمسن بچی انیا کوثر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ دیگر دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔یہ افسوسناک واقعہ اْس وقت پیش آیا جب محمد ادریس کے بیٹے امتیاز احمد کی شادی کی تقریب جاری تھی۔ اس دوران اچانک چھت کی دیوار گر گئی جو مہمانوں پر آ گری، جس سے تقریباً 22افراد زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو فوری طور پر مقامی سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی علاج کے بعد تین شدید زخمیوں کو جی ایم سی ایسوسی ایٹڈ ہسپتال راجوری ریفر کیا گیا۔جاں بحق بچی کی شناخت انیا کوثر دختر ظفر اقبال سکنہ کپہ کھا کے طور پر کی گئی ہے، جو دوسری جماعت کی طالبہ تھی اور اْسے سر میں شدید چوٹیں آئی تھیں۔مرحومہ کے رشتہ دار محمد عارف نے بتایا کہ ’’انیا کی حالت نازک تھی اور ہسپتال پہنچنے کے باوجود وہ جانبر نہ ہو سکی۔ دیگر دو زخمیوں میں ایک ضعیف خاتون شامل ہے جو اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں۔دریں اثنا، ایم ایل اے تھنہ منڈی مظفر اقبال خان نے جی ایم سی ہسپتال راجوری کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہتر سے بہتر علاج فراہم کیا جائے اور ہر ممکن سہولیات مہیا کی جائیں۔انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔