سمت بھارگو
راجوری//راجوری کے گاؤں بڈھال کے رہائشی اخلاق شاہ کی شادی کی تقریب پیر کے روز نہایت سادگی سے منعقد ہوئی، جس میں بارات میں صرف پانچ افراد شامل تھے۔اخلاق شاہ، جو قیوم شاہ کے بیٹے ہیں، بڈھال گاؤں کے رہائشی ہیں، جہاں گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران 17 پراسرار اموات نے پورے گاؤں کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ ان اموات کی وجوہات ابھی تک واضح نہیں ہو سکیں۔پیر کو مقامی افراد نے بتایا کہ اخلاق کی شادی مکمل طورپر سادگی کیساتھ منعقد ہوئی ۔محمد حفیظ، جو گاؤں کے بزرگ اور سابق وارڈ ممبر ہیں، نے بتایا کہ ’’بارات میں اخلاق ان کے والد، دو دوست اور ایک مذہبی عالم (مولوی) شامل تھے، جو 15 کلومیٹر دور دراج گاؤں میں دلہن کے گھر پہنچے‘۔انہوں نے مزید کہا کہ گاؤں والوں نے ان اموات پر سوگ منانے اور انتظامیہ کی جانب سے عائد پابندیوں پر عمل کرنے کے لئے یہ فیصلہ کیا۔اخلاق شاہ کے بڑے بھائی، عمر شاہ، جو بارات میں شامل نہیں ہوئے اور گھر پر ہی رہے، نے کہا کہ گاؤں کی موجودہ صورتحال بہت خراب ہے کیونکہ پراسرار اموات کی وجوہات اب تک معلوم نہیں ہو سکیں۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران تین خاندانوں کے 17 افراد پراسرار طور پر جاں بحق ہو گئے۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوٹرنکہ دل میر کے حکم کے تحت کسی بھی کمیونٹی اجتماع میں کھانے کی تقسیم پر پابندی عائد ہے۔ یہ اقدام احتیاطی نوعیت کا ہے کیونکہ ان پراسرار اموات کی وجوہات جاننے کے لئے ملک بھر سے اعلیٰ سطح کی ٹیموں نے گاؤں کا دورہ کیا ہے، لیکن اب تک کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا۔