پاکستان کی ٹی20 اور ون ڈے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹی20 میچ میں فتح گر کارکردگی دکھانے والے لیگ اسپنر شاداب خان کے روشن مستقبل کا عندیہ دیا ہے۔18 سالہ شاداب نے اتوار کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ہونے والے سیریز کے افتتاحی ٹی20 میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف سات رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز اپنے نام کیا۔ویسٹ انڈیز نے میچ میں پاکستان کو صرف 112 رنز کا ہدف دیا جو گرین شرٹس نے چار وکٹ کے نقصان پر حاصل کر کے چار ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔میچ کے بعد ایک ویڈیو پیغام میں سرفراز احمد نے کہا کہ کسی بھی سیریز کا پہلا میچ بہت اہم ہوتا ہے اور میچ جیتنے پر ہم خدا کے شکرگزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں فتح کا کریڈٹ باؤلرز کو دیتا ہوں جنہوں نے عمدہ کارکردگی دکھا کر جیت کی بنیاد رکھی۔’عماد وسیم نے اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد شاداب اور پھر فاسٹ باؤلرز خصوصاً وہاب ریاض نے ہوا کے مخالف ا?خری دو اوورز میں بہت اچھی باؤلنگ کی جس پر یہ سب تعریف کے مستحق ہیں‘۔انہوں نے کہا کہ شاداب کا پہلا میچ تھا اور اس میں اس کی باؤلنگ کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ یہ شاداب اور اس کے اہلخانہ کیلئے بہت بڑا دن ہے کیونکہ آج وہ اکستان کیلئے کھیلا اور پہلے ہی میچ میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا۔یہ اس کے کیریئر کیلئے نیک شگون ہے کہ اس نے اپنی باؤلنگ سے پاکستان کو میچ جتوایا اور امید ہے کہ وہ مستقبل میں مزید بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے بہت آگے جائے گا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی20 میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔