سرینگر//ریاستی حکومت نے قانون سازوں کے کانسٹی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ میں اضافہ کرنے کو منظوری دی ہے ۔رواں مالی سال سے سی ڈی ایف میں 1.50 کروڑ روپے سے تین کروڑ روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق کانسٹی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ کے موجودہ رہنما خطوط میں چند تبدیلیاں لائی گئی ہیں جن کے مطابق کانسٹی چیونسی ڈیولپمنٹ فنڈ کا 33.33 فیصد یعنی 1 کروڑ روپے بجلی کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کیلئے مختص رکھنے ہوں گے تا ہم سب سٹیشنوں کے قیام اور توسیع پر 30 لاکھ سے زیادہ رقم صرف نہیں کی جا سکتی ۔ اسی طرح خطِ افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے کنبوں کے مکانات کی آئی اے وائی طرز پر توسیع پر صرف کی گئی رقم کے واجبات کی ادائیگی رواں مالی ال کے دوران کی جائے گی ۔ اگلے مالی سال یعنی 2018-19 سے سی ڈی ایف میں سے 20 لاکھ روپے قبائلی اور خطِ افلاس سے گذر بسر کرنے والوں کو اپنے مکانات کی توسیع کیلئے فراہم کئے جائیں گے ۔ مستحقین کو متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت رقومات آئی اے وائی طریقہ کار کے تحت ہی واگذار کی جائیں گی ۔ اس کے علاوہ سی ڈی ایف میں سے 20 لاکھ روپے فلیکسی فنڈ کے تحت اہم سکیموں بشمول سوچھ بھارت سکیم اور باغبانی شعبہ کے تحت ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن کی عمل آوری کیلئے مختص رکھے جائیں گے ۔ بیان کے مطابق مرکزی معاونت والی سکیموں کی توسیع کیلئے سی ڈی ایف میں سے رقم فراہم کرنے کی سفارش کی جا سکتی ہے ۔ لیکن اس کے ساتھ ہی اس جغرافیائی علاقے کی نشاندہی کرنی لازمی ہے جہاں یہ سکیم لاگو کرنے کی سفارش کی جائے گی ۔ سی ڈی ایف میں سے 20 لاکھ روپے تک کی طبی امداد ایک لاکھ روپے فی مریض کے شرح سے سی ڈی ایف میں سے خطِ افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے فراہم کئے جا سکتے ہیں ۔ یہ رقم جگر، گردے ، بون میرو اور ہاٹ ٹرانسپلانٹ کے علاوہ اندھے پن اور دیگر مہلک بیماریوں کیلئے فراہم کی جا سکتی ہے اور اس کیلئے ریڈ کراس یا دیگر رضا کار تنظیمیں بھی معاونت کر سکتی ہیں ۔ کسی بھی پبلک سیکٹر انڈر ٹیکنگ یا پبلک کمپنی کو سکل ڈیولپمنٹ کیلئے5 لاکھ روپے کی مالی امداد سی ڈی ایف میں سے فراہم کی جا سکتی ہے ۔ عوامی مقامات پر سولر لائیٹوں کی تنصیب کیلئے سی ڈی ایف میں سے 5 لاکھ روپے کی رقم فراہم کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے تا ہم سبسڈی کی رقم کم کر کے جو رقم باقی رہے گی اور جس کی ادائیگی سرکاری یا بلدیاتی ادارے کو کرنی ہو گی اسی کیلئے یہ رقم فراہم کی جا سکتی ہے ۔ سی ڈی ایف میں سے ایم این آر ای کی جانب سے منظور شدہ سموک لیس چولہوں اور بائیو ماس کُکس سٹوو خریدنے کیلئے خطِ افلاس سے نیچے گذر بسر کرنے والے اور سماج کے دیگر پچھڑے طبقوں سے تعلق رکھنے والوں میں سی ڈی ایف میں سے 5 لاکھ روپے فراہم کئے جا سکتے ہیں ۔