پرویز احمد
سرینگر //پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج سرینگر نے سی ڈی اسپتال کو جی بی پنتھ سونہ وار منتقل کرنے کا حتمی حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ منگل کو جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ جی بی پنتھ اسپتال کے شعبہ اطفال کو 500بستروں پر مشتمل چلڈرن اسپتال بمنہ کی منتقلی کے بعد حکومت نے سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ کو جی بی پنتھ میں منتقلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ سی ڈی اسپتال تمام ضروری شعبہ جات کی حالت کا جائزہ لیں گے۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سی ڈی اسپتال کا انفیکشن بلاک بدستور کام کرے گا اور ضرورت پڑنے پر سی ڈی اسپتال کو بطور ڈی ۔ایڈکیشن سینٹر کے طورپر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد سلیم ٹاک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ اسپتال کو منتقل کرنے کیلئے اکتوبر مہینے کا وقت دیا گیا ہے اور اب اسی ماہ میں اسکی منتقلی مکمل کرنی ہوگی۔ ڈاکٹرٹاک نے بتایا ’’ منتقلی کب اور کس طریقے سے ہوگی ، اس کا فیصلہ فیکلٹی ممبران خود مل کر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صرف شعبہ امراض چھاتی جی بی پنتھ منتقل ہوجائے گا ۔لیکن District Tuber closis Centre اسپتال میں ہی بدستور کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر سی ڈی بلڈنگ کو وبائی بیماریوں کے مریضوں کو رکھنے کیلئے بھی کام میں لایا جاسکتا ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر سرکار نے پرنسپل جی ایم سی سرینگر کو ہدایت دی تھی کہ وہ سی ڈی اسپتال کی جی بی پنتھ منتقلی کا منصوبہ تیار کریں ۔