واشنگٹن// امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اور سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے، اور خطے کے دوسرے ممالک کو پاکستان اور چین کے تاریخی تعلقات کو اپنے لیے خطرے کے طور پر نہیں دیکھنا چاہئے۔پاکستان کے چین کے ساتھ تاریخی تعلقات ہیں، جب کہ روس کے ساتھ قریبی تعلقات کی کوششوں سے پاکستان کے امریکاکے ساتھ روایتی تعلقات پر اثرات مرتب نہیں ہوں گے۔اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی جانب سے روس کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے کا مقصد علاقائی تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔چودھری نے مزید کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، اس مسئلے کو سیاسی طور پر مذاکرات کے ذریعے ہی حل کیا جاسکتا ہے۔پاکستانی سفیر نے واضح طور پر کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے اسلام آباد اور کابل کے اچھے تعلقات نہایت اہم ہیں کیوں کہ وہاں عدم استحکام کے فوری اثرات ایک پڑوسی ہونے کی وجہ سے پاکستان پر پڑتے ہیں۔