بیجنگ //گلگت بلتستان پر لب کشائی کرنے سے گریز کرتے ہوئے چین نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی تعمیر سے کشمیر کے مسئلے پر اُنکے موقف پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ منگل کو چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک پریس بریفنگ میں چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے چین کا موقف اصولوں پر مبنی اور واضح ہے۔ ہوا چن ینگ نے کہا’کشمیر پر چین کا موقف اصولی اور واضح ہے۔ انڈیا اور پاکستان کے درمیان اس تاریخی مسئلے کو دونوں فریقوں کی جانب سے مناسب طور پر مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت ہے۔‘ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان دفاع، صنعت اور تجارت کے شعبوں میں معمول کا تعاون برقرار ہے۔ سی پیک میں پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کی شمولیت پر انڈیا کواعتراض ہے اور یہ دونوں ملکوں کے درمیان اختلافی معاملات میں شامل ہے۔ چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چن ینگ پاکستان کی جانب سے گلگت ۔بلتستان کو مزید اختیارات دئے جانے کے اعلان پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا ۔21مئی کو پاکستان نے گلگت بلتستان اصلاحات 2018کی منظوری دی اور صوبائی حکومت کو مزید اختیارات دیئے گئے۔ بھارت نے پاکستان کے اس اقدام پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے احتجاجی بھی کیا ۔