سرینگر//سینٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجو کیشن (سی بی ایس ای) نے اپنے سکولوں سے وابستہ طالبان علم اور سٹاف ممبران سے کہا ہے کہ وہ اتوار رات نو بجے اپنے اپنے گھروں کے اندر دیئے یا اپنے سیل فونوں کی ٹارچ جلاکر اُن کوششوں میں شامل ہوجائیں جو مہلک کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلئے کی جارہی ہیں۔
یہ ہدایت وزیر اعظم نریندر مودی کی اُس اپیل کے بعد دی گئی ہے جس میں اُنہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ 5اپریل بروز اتوار رات نو بجے بجلی بند کرکے اپنے اپنے گھروں میں نو منٹوں تک دیئے یا سیل فونوں کی ٹارچ جلائیں۔
سی بی ایس سی کے ڈائریکٹر اکیڈیمکس نے سکولوں کے نام جاری ایک خط میں لکھاہے”طالبان علم ، سکولوں کا دیگر سٹاف اور اُن کے اہل خانہ 5اپریل رات نو بجے نو منٹوں تک دیئے،شمع، یا اپنے موبائیل فونوں کی ٹارچ جلائیں تاکہ پورے ملک کی یکجہتی کا اظہار ہو“۔
خط میں مزید درج ہے” یاد رہے کہ ایسا کرنے کیلئے کوئی کالونیوں میں یا باہرسڑکوں پر جمع نہ ہو“۔
خط میں سی بی ایس سی سکولوں کے پرنسپلوں سے کہا گیا ہے کہ وہ اساتذہ اور طالب علموں کو اس ضمن میں آگاہ کریں۔