ناگیشور راؤ نہیں لیں گے کوئی بڑا فیصلہ: سپریم کورٹ
نئی دہلی//سپریم کورٹ میں سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کی عرضی پر سماعت مکمل ہو گئی ہے۔ سی جے آئی رنجن گوگوئی نے سی وی سی کو دو ہفتے میں جانچ مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ عبوری ڈائریکٹر ناگیشور راو کسی بھی طرح کا پالیسی فیصلہ نہیں لے پائیں گے۔بتا دیں کہ آلوک ورما نے مرکز کی طرف سے خود کو چھٹی پر بھیجے جانے کے فیصلہ پر عرضی دائر کی ہے۔ آلوک ورما نے اپنی عرضی میں مرکزکی طرف سے انہیں چھٹی پر بھیجے جانے اورعبوری چارج 1986 بیچ کے ہندوستانی پولیس سروس کے اوڈیشہ کیڈر کے افسراورایجنسی کے جوائنٹ ڈائریکٹرایم ناگیشورراو کو سونپے جانے کے فیصلے پرروک لگانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وہیں، دوسری طرف، راکیش استھانہ بھی چھٹی پر بھیجے جانے کے خلاف سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے اس پورے واقعہ کو غیر آئینی بتایا ہے۔ کانگریس آج سی بی آئی دفتر کے باہر دھرنا اور مظاہرہ کر رہی ہے۔ اس کے مدنظر سی بی آئی دفتر کے باہر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔