حسین محتشم
پونچھ//جموں میں قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کے دوران، پونچھ کے ایم ایل اے اعجاز جان نے پونچھ حویلی اور پیر پنچال خطے کے اہم مسائل کو پرزور انداز میں اٹھایا۔ انہوں نے محکمہ امور صارفین و عوامی تقسیم کاری (سی اے پی ڈی) میں بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی اور بدانتظامی کو بے نقاب کیا، خاص طور پر اے اے وائی (انتودیا انا یوجنا) اور بی پی ایل (غریبی کی لکیر سے نیچے) فہرستوں میں۔ اعجاز جان کے سوالات کے جواب میں، محکمے نے حیران کن طور پر اعتراف کیا کہ ان کے پاس 2022 اور 2024 کے لئے اپ ڈیٹ شدہ فہرستیں نہیں ہیں، جن میں شامل اور حذف کئے گئے اراکین کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ مزید برآں، حکام ان فہرستوں میں شمولیت اور اخراج کے لئے موجودہ معیارات کے بارے میں کوئی واضح جواب دینے میں ناکام رہی۔ اس انکشاف کے بعد متعلقہ وزیر نے ایم ایل اے اعجاز جان کو یقین دلایا کہ ان بے قاعدگیوں کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اعجاز جان نے پونچھ اور پیر پنچال کے عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔