گاندربل//وزیر اعلیٰ محبو بہ مفتی نے یہاںایک روزہ عوامی دربار لگایا ۔پورا دن چلنے والے اس دربار کے دوران وزیر اعلیٰ نے درجنوں وفود اور سینکڑوں کی تعداد میںلوگوں کے مطالبات سنے۔ کنگن ، گنڈ ، ووسن ، چناڑ ، چھتر گل ، لار ، وتہ لار ، گگن گیر اور گوٹلی باغ علاقوں سے تعلق رکھنے والے وفود نے وزیر اعلیٰ کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے معاملات کو ان کی نوٹس میں لایا۔وفود نے عوامی رابط مہم کے دوران وزیر اعلیٰ کے سامنے جو مطالبات رکھے ان میں ضلع میں سڑک رابطے میں بہتری لانا،طبی سہولیات کو تقویت بخشنا، تعلیم سے متعلق بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانا، آبپاشی کنالوں کو مضبوط بنانے سمیت کئی دیگر معاملات بھی شامل تھے۔انہوں نے مقامی نوجوانوں کو ضلع کے بڑے ترقیاتی پروجیکٹوں میں کام پر لگانے کا بھی مطالبہ کیا۔ محبوبہ مفتی نے بیہامہ ۔پاندچھ سڑک کی کشادگی کا کام مکمل کرنے کے لئے 2کروڑ روپے اور مقامی کھیل میدان کی تجدید کے لئے 20لاکھ روپے واگزار کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ضلع میں مختلف آبپاشی کنالوں کی صفائی کیلئے50 لاکھ روپے اور صفا پورہ میں حضرت رحیم صاحب ؒ کی زیارت گاہ کی جاذبیت میں اضافہ کرنے کے لئے 5لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا۔کنگن علاقے سے تعلق رکھنے والے کئی وفود نے ایس ڈی ایم دفتر کیلئے جگہ ،مقامی فائرسٹیشن میں گاڑیوں کو تبدیل کرنے ، چیرون گائوں میں بجلی شعبے کو فروغ دینے ، علاقے میں سڑکوں پر تار کول بچھانے ، گنہ ون میں کھیل کا میدان تعمیر کرنے اور ہاکہ نار سڑک میں بہتری لانے جیسے مطالبات وزیر اعلیٰ کے سامنے رکھے۔وزیر اعلیٰ نے کنگن ہسپتال کیلئے ڈیجیٹل ایکسرے مشین خریدنے کے لئے 22لاکھ روپے اور علاقے میں ایک کھیل کا میدان تعمیر کرنے کے لئے 10لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔انہوںنے ایس ڈی ایم دفتر کنگن کی تجدید و مرمت اور کنگن فائر سٹیشن کے لئے ایک نئی گاڑی خریدنے کے لئے 10لاکھ روپے دینے کا بھی اعلان کیا۔سونہ مرگ سے تعلق رکھنے والے وفد نے وہا ں ایک ڈاک گھر قائم کرنے کے علاوہ نیل گراٹ نالے اور سربل پر پل تعمیر کرانے کا مطالبہ کیا۔کئی ایک معاملات میں محبوبہ مفتی نے موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیںجسکی وفود نے کافی ستائش کی۔