عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سینٹرل ریزرو پولیس فورس ( سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل گیانیندر پرتاپ سنگھ نے جموں میں ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموں و کشمیر میں امرناتھ یاترا سے قبل فورس کی سیکورٹی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ کے دوران یاتریوں کی بغیر کسی رکاوٹ کے نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔واضح رہے کہ سالانہ امرناتھ یاترا امسال 3جولائی سے شروع ہو کر 9اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔سی آر پی ایف نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہاڈی جی سی آر پی ایف گیانیندر پرتاپ سنگھ نے امرناتھ یاترا 2025 کے لیے سیکورٹی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے سی آر پی ایف کے سینئرافسران کے ساتھ جموں سیکٹر ہیڈکوارٹر میں ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی۔انہوں نے کہا میٹنگ کے دوران یاتریوں کی بغیر کسی رکاوٹ کے نقل و حرکت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔موصوف ڈی جی نے بدھ کے روز وادی کشمیر کا دورہ کیا اور یاترا کی تیاریوں کا ایک اسٹریٹجک جائزہ لیا تاکہ اس کے ہموار انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے اس دوران اہم یاترا مقامات کا بھی دورہ کیا، بشمول بیس اور ٹرانزٹ کیمپ، زمینی انتظامات کا جائزہ لیا۔