راجوری /منڈی//سیکورٹی کے کڑے انتظامات کے بیچ سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا شروع ہوگئی ہے جس دوران1256یاتریوں پرمشتمل جموں سے پہلا قافلہ راجوری پہنچاجہاںسے اسے پونچھ روانہ کردیاگیا۔اس قافلے کا پہلے سندر بنی ، پھر نوشہرہ ،پھرراجوری اور اس کے بعد بھمبر گلی ، سرنکوٹ اور پھر پونچھ میں والہانہ استقبال کیاگیا۔یاترا کاآغاز مہامنڈیلشور 1008سوامی شری وشواتماآنند سرسوتی جی مہاراج نے ڈپٹی کمشنر راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال ، ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج ڈی کے سلاتھیہ ، ایس ایس پی راجوری یوگل منہاس اور دیگر سینئر افسران و مقامی معززین کی موجودگی میں کیا ۔راجوری آمد پر یاترا کیمپ میں یاتریوں کو دوپہر کا کھانا کھلایاگیاجہاںکچھ دیر آرام کے بعد انہیں پونچھ کیلئے روانہ کیاگیا ۔پہلے قافلے میں1256یاتری شامل ہیں جن میں 681مرد،538خواتین اور 37بچے ہیں ۔یہ یاتری 36چھوٹی بڑی گاڑیوں کے ذریعہ راجوری پہنچے ۔یہ قافلہ رات کو پونچھ میں’ بیس کیمپ ‘میں قیام کرے گاجہاںسے اسے صبح ہونے پر بابا بڈھاامرناتھ مندر منڈی روانہ کیاجائے گا۔دریں اثناء یاترا کے حوالے سے پورے ضلع میں انتظامیہ کی طرف سے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔چنڈک سے منڈی بڈھا امرناتھ سڑک پر پولیس ،پیرا ملٹری فورسز، آرمی ،سی آر پی ایف اور بی ایس ایف کے اہلکارتعینات ہیں۔ اس سلسلہ میں انتظامیہ نے بڈھا امر ناتھ اور دیگر حساس مقامات و منڈی بازار میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں تاکہ مندر کی حدود اور بازارمیں آنے جانے والے ہر شخص پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ یاترا کا یہ سلسلہ 29 جون سے 8 اگست تک جاری رہے گا۔ یاترا کے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے آئی جی جموں ایس ڈی سنگھ جموال نے کہا کہ بڈھا امرناتھ یاترا روایتی طور ہر سال انجام دی جاتی ہے، اس حوالے سے پولیس نے جموں سے لیکر منڈی تک حفاظت کے بہتر انتظامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کو کسی بھی طرح کے حالات سے نمٹنے کے لئے تیار رکھاگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ جموں صوبہ کو پورے ملک میں ہندو ،مسلم ،سکھ ،عیسابھائی چارے کے لئے جاناجاتاہے اوراس کی مثال یاتریوں کے استقبال کیلئے کھڑے ہر طبقہ سے ملتی ہے ۔واضح رہے کہ بڈھا امر ناتھ یاترا کا پہلا قافلہ آج منڈی پہنچ رہاہے جہاں وہ بڈھا امر ناتھ مندر کے درشن کرے گا۔بیرون ریاست سے آنے والے یاتریوں کا سلسلہ 5 اگست تک جاری رہے گا جبکہ ریاست کے یاتریوں کا آنا جانا 8 اگست تک رہے گا اور 8 اگست کو یہ یاترا اختتام پذیر ہوگی۔