عظمیٰ نیوزسروس
جموں//عقیدتمند اور سادھو اس مقدس یاترا میں شرکت کے لیے جموں پہنچ رہے ہیں تاکہ مقدس گپھا میں بھگوان شیو کے درشن کر سکیں۔اس دوران ممتاز روحانی پیشوا مہنت رامیشور داس جی نے انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مرکزی حکومت اور جموں و کشمیر انتظامیہ نے یاترا کے کامیاب انعقاد کے لیے قابلِ تحسین اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ‘یاتریوں کی سہولت کے لیے رہائش، طبی امداد، سیکورٹی، اور خوراک سمیت تمام تر بنیادی سہولیات کا بہترین بندوبست کیا گیا ہے ۔ حکومت کی کوششیں واقعی قابلِ تعریف ہیں اور اس سے عقیدتمندوں کو یاترا کے دوران آسانی اور حفاظت کا احساس ہوگا۔’مہنت رامیشور داس جی نے اس بات پر خوشی ظاہر کی کہ ہزاروں یاتری ملک کے مختلف حصوں سے یاترا میں شریک ہونے والے ہیں اور ان کے استقبال و سہولت کے لیے حکومتی مشنری پوری طرح متحرک ہے ۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ امرناتھ یاترا نہ صرف روحانی اعتبار سے اہم ہے بلکہ یہ اتحاد، بھائی چارے اور مشترکہ ثقافتی ورثے کی بھی علامت ہے ۔یاد رہے کہ امرناتھ یاترا کے لیے حکومتِ ہند اور جموں و کشمیر یوٹی انتظامیہ کی جانب سے فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔ جگہ جگہ کیمپ قائم کیے گئے ہیں، موبائل میڈیکل یونٹس تعینات ہیں اور حساس مقامات پر اضافی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے تاکہ یاترا پرامن ماحول میں مکمل ہو سکے ۔یو این آئی