لیفٹیننٹ گورنر،فوج، پولیس اور نیم فوجی دستوں کے سینئرعہدیداروں کی بریفنگ
نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے منگل کو جموں و کشمیر میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا جس میں ماضی میںملی ٹینسی کے چند واقعات ہوئے ہیں۔ وزیرداخلہ کی زیر صدارت میٹنگ میں جموں وکشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ،مرکزی داخلہ سیکرٹری گووند موہن،مختلف سیکورٹی اور سراغ رساں ایجنسیوںکے اعلیٰ حکام اور جموں وکشمیر کے اعلیٰ سیول وپولیس حکام بشمول ڈی جی پی نلین بھارت بھی موجودتھے ۔انہوں نے کہا کہ فوج، جموں و کشمیر پولیس اور نیم فوجی دستوں کے اعلی عہدیداروں نے شاہ کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں موجودہ صورتحال اور ملی ٹینسی کے خلاف جاری کارروائیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔19 دسمبر 2024 کو آخری جائزہ میٹنگ کے دوران، شاہ نے تمام سیکورٹی ایجنسیوں کو جموں و کشمیر میں ملی ٹینسی کو ختم کرنے کے لیے مربوط انداز میں کام جاری رکھنے کی ہدایت دی تھی۔حکومت نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات، دراندازی اور ملی ٹینٹ تنظیموں میں نوجوانوں کی بھرتی میں نمایاں کمی آئی ہے۔ وزیرداخلہ امت شاہ نے مجموعی صورتحال پراطمینان کااظہارکیا ۔تاہم انہوںنے سیکورٹی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ ملی ٹینسی سے متعلق زیروٹالرنس پالیسی پر سختی کیساتھ عمل درآمد کویقینی بنایا جائے۔انہوںنے کہاکہ جموں وکشمیرکی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اوراب وہاں گروپوںمیں بھرتی نہیں ہورہی ہے ،اسلئے لازم ہے کہ سیکورٹی ایجنسیاں اپنے تسلط اور کنٹرول کو مزید مضبوط بناکر سرحد پار کی سازشوں اور مقامی امن مخالف سرگرمیوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمہ وقت متحرک اور چوکنا رہیں ۔انہوںنے مختلف سیکورٹی ایجنسیوںکے مابین باہمی تال میل اوررابطہ کاری کو اہم قرار دیتے ہوئے کہاکہ جموں وکشمیرکے لوگ امن کے طرفدار ہیں اور اب اسبات کی ضرورت ہے کہ ملک اورامن دشمن قوتوںکو دوبارہ منظم یا متحرک ہوکر عوام کو گمراہ کرنے کاکوئی موقعہ فراہم نہ کیاجائے ۔انہوںنے مزید کہاکہ جموں وکشمیرنے حالیہ برسوںمیں امن وسکون کے ماحول میں ترقی کے منازل طے کئے ہیں اور مرکزی حکومت نے تعمیر وترقی کو جاری رکھنے کا تہیہ کیاہواہے ۔انہوںنے کہاکہ وزیراعظم مودی جی کی قیادت میں ہم ان کی پالیسی پرعمل پیرا ہوئے اورہم نے جموں وکشمیرمیں دہشت گردی کو شکست دیکر ایک نیا باب رقم کیاہے ۔