سرینگر//15اگست کے موقعہ پرجب بخشی اسٹیڈیم سرینگرمیں سب سے بڑی سرکاری تقریب جاری تھی تواس دوران ہیلی کاپٹروں کوبھی نگرانی کے کام پرلگادیاگیاتھا۔اسی دورا ن منگل کی صبح نگرانی پرمامورایک ہیلی کاپٹرنے جب کشمیریونیورسٹی کے کیمپس میں واقع ہوسٹل عمارات کے بالکل اوپرسے پروازکی توہوسٹل کمروں میں موجودیونیورسٹی طلباء اور طالبات میں خوف ودہشت کی لہردوڑگئی ۔یونیورسٹی کے بائزاورگرلزہوسٹلوں میں قیام کرنے والے طلباء اور طالبات نے بتایاکہ 15اگست کی صبح لگ بھگ سوادس بجے یعنی10بجکر15منٹ پرجب وہ اپنے کمروں میں بیٹھے تھے تواسی دوران ایک ہیلی کاپٹریہاں سے پروازکرگیا۔طلاب کاکہناتھاکہ ہیلی کاپٹرکی پروازاتنی نیچے تھی کہ ہم خوفزدہ ہوگئے ۔طلباء اور طالبات نے بتایاکہ ہیلی کاپٹرنے ہوسٹلوں کے بالکل ہی اوپرسے پروازکی اورہمیں لگاکہ یہ ابھی ہوسٹل پرگرجائیگا۔یونیورسٹی طلاب نے بتایاکہ ہم سب اپنے کمروں سے باہرآئے کیونکہ ہمارے لئے یہ بالکل غیرمتوقع تھاکہ کوئی ہیلی کاپٹرمعمول کے حالات میں اتنے نیچے سے پروازکرے ۔انہوں نے کہاکہ ہیلی کاپٹرکے شورسے ہم سخت خوفزدہ ہوئے اوردہشت کے عالم میں کمروں سے باہر آکر ادھراُدھربھاگنے لگا۔طلاب کے بقول ہوسٹلوں کے کمروں میں اُسوقت موجودسبھی لوگوں میں افراتفری مچ گئی ۔انہوں نے کہاکہ پہلے ہمیں لگاکہ یہ نگرانی پرمامورہیلی کاپٹرہوگالیکن جب ہیلی کاپٹرنے ایک کے بعدایک چکرکاٹے اوربالکل نیچے سے پروازکی توہم دہشت زدہ ہوگئے۔انہوں نے کہاکہ یہ معاملہ یونیورسٹی انتظامیہ کی نوٹس میں لایاگیا۔