عظمیٰ نیوز سروس
جموں// ادھم پور ضلع میں اتوار کو مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کی ایک مشترکہ میٹنگ منعقد کی گئی تاکہ اگلے مہینے سے شروع ہونے والی امرناتھ یاترا کے لیے تال میل کو یقینی بنایا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ فوج کی ڈیلٹا فورس کے جنرل آفیسر کمانڈنگ(جی او سی) میجر جنرل اجے کمار نے میٹنگ کی صدارت کی جس میں سینئر پولیس اور انٹیلی جنس افسران شریک ہوئے۔
میٹنگ کے بعد ایک ٹویٹ میں، جموں میں واقع وائٹ نائٹ کور نے کہا، “سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ ایک کامیاب یاترا کو یقینی بنانے کے لیے ہاتھ ملا کر کام کر رہے ہیں”۔ڈویژنل کمشنر، جموں، رمیش کمار نے بھگوتی نگر یاتری نواس کا دورہ کیا، جو جموں میں یاتریوں کے لیے مرکزی بیس کیمپ ہے اور یاتریوں کے آرام دہ قیام اور ان کی حفاظت کے انتظامات کا جائزہ لیا۔کمار نے آمدورفت، یاتریوں کے لیے رہائش، ‘لنگر کمیونٹی کچن، مواصلاتی مراکز، طبی سہولیات، طبی ٹیموں کی تعیناتی، صفائی ستھرائی، عارضی بیت الخلا اور موبائل ٹوائلٹ وین کی تنصیب، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، کا تفصیلی جائزہ لیا۔