یو این آئی
سرینگر//انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی)کشمیر وی کے بردی کی صدارت میں اتوار کو پولیس کنٹرول روم کشمیر میں ایک اعلیٰ سطحی مشترکہ سیکورٹی جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں فوج، مرکزی نیم فوجی دستوں ، انٹیلی جنس ایجنسیوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں کشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال، درپیش چیلنجز اور ملی ٹینٹ معاونین کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کا جائزہ لیا گیا اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان مؤثر رابطے اور تال میل کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔میٹنگ میں موجود افسران نے آئی جی کشمیر کو وادی کی موجودہ سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کیا، جس میں انٹیلی جنس جمع کرنے، ممکنہ خطرات کا تجزیہ، ہنگامی ردعمل کی تیاری اور ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی۔آئی جی پی کشمیر نے اس موقع پر تمام سیکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیوں پر زور دیا کہ وہ آپس میں معلومات کے تبادلے کو مؤثر بنائیں اور مشترکہ کارروائیوں کی تیاری کو مزید مضبوط کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کو ایک دوسرے کے ساتھ ہم قدم ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔اجلاس میں افسران نے امن و امان برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے قریبی تال میل کے ساتھ کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یہ اجلاس ایسے وقت میں منعقد ہوا ہے جب وادی میں مختلف سیکورٹی خدشات اور ممکنہ خطرات کے پیش نظر حفاظتی اقدامات میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔