سرینگر// پولیس نے سوموار کو کلرکوں کی سیکریٹریٹ گھیرائو کوشش کو ناکام بناتے ہوئے پریس کالونی میں ہی انکی پیش قدمی روک دی۔کلرکوں نے تنخواہوں میں تفاوت دور کرنے کے حق میں27جولائی سے4روزہ تالہ بند ہڑتال کی اور پیر کو اپنے مطالبات کو لیکر سیکریٹریٹ تک مارچ کرنے کی کوشش کی۔احتجاجی کلرک پریس کالونی میں جمع ہوئے اور سیکریٹریٹ کی طرف مارچ کرنے لگے تاہم پہلے سے موجود پولیس نے انکا راستہ روکتے ہوئے انہیں منتشر ہونے کی ہدایت دی۔ کلرکوں نے اگر چہ مزاحمت کرتے ہوئے پیش قدمی کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے پریس کالونی میں گاڑیاں کھڑکے راستوں کو بند کیا۔مظاہرین نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ 25 دسمبر 2016کو ریاستی وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد حبیب درابو نے ایس کے آئی سی سی سرینگر میںکلرکل کنونشن کے دوران کہا تھا کہ کلرکوں کی تنخواہوں کی تفاوت کو 9 جنوری 2017 تک حل کیا جائے گااور اسکا ذکر انہوں نے ریاستی اسمبلی میں بجٹ پیش کے دوران بھی کیا تھا لیکن 7 مہینے کا عرصہ گذرجانے کے بعد بھی وزیر موصوف اپنے کئے ہوئے وعدے کو پورا نہیںکیا۔ مظاہرین نے ایک بار پھر دہرایا کہ اگر سرکار نے دیرینہ اور تسلیم شید ہ مطالبے کو وقت ضایع کئے بغیر حل نہیںکیا تو ریاست کے تمام محکمہ جات سے وابستہ کلرکل ملازمین ایک جٹ ہو کرسخت اقدامات اٹھائیں گے ۔