یو این آئی
نئی دہلی//سینٹ اسٹیفن کالج کی اردو سوسائٹی بزمِ ادب کے زیر اہتمام سہ روزہ اردو فیسٹیول کہکشاں کا انعقاد کیا گیا۔ فیسٹیول کے پہلے دن شعبہ اردو و فارسی کے صدر ڈاکٹر شمیم احمد نے اردو شاعری میں انسان کی آمد کے جشن کے موضوع پر لیکچر دیا جس میں بڑی تعداد میں کالج کے طلبا،طالبات نے شرکت کی اور اپنے سوالات کے ذریعے اس نشست میں حصہ لیا۔ یہ اطلاع شعبہ اردو کی جانب سے جاری ایک ریلیز میں دی گئی۔فیسٹیول کے دوسرے دن سالانہ انٹر کالج غزل سرائی مقابلہ برائے غالب رننگ ٹرافی و بیت بازی کا اہتمام کیا گیا۔ غزل سرائی مقابلے میں شعبہ اردو ، جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ہارون رشید کو اول اور اسی شعبہ کی تابینہ کو دوسرے مقام کا حقدار مانا گیا۔ دونوں کی مجموعی کارکردگی کی بنا پر شعبہ اردو جامعہ ملیہ اسلامیہ کو ٹرافی سے نوازا گیا۔ انفرادی انعامات میں تیسرا انعام سینٹ اسٹیفن کالج کے محمد یوسف کو ملا۔ دیال سنگھ کالج کے عقیل حسین اور ماتا سندری کالج کی نغمہ علی کو حوصلہ افزائی انعامات سے نوازا گیا۔بیت بازی میں شعبہ اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی عمر فاروق، فردوس رضا اور تابینہ شبیر پر مشتمل ٹیم اول سینٹ اسٹیفن کالج کی علمہ شمیم، تسنیم ناز کی اور ہرش وردھن پر مشتمل ٹیم دوم اور جامعہ ملیہ اسلامیہ فیکلٹی آف ایجوکیشن کی سلمان احمد، عابدہ پروین، امان اللہ اور عظمی پر مشتمل ٹیم تیسرے مقام پر رہی۔ مقابلے میں بہترین کارکردگی کے لیے سینٹ اسٹیفن کالج کے ہرش وردھن اور جامعہ ملیہ اسلامیہ کے عمر فاروق کو خصوصی انعام بھی دیا گیا۔ جیوری ممبران کے طور پر دہلی یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے ڈاکٹر علی احمد ادریسی اور شعبہ عربی کے ڈاکٹر مجیب اختر نے جج کے فرائض انجام دیے۔ ڈاکٹر شمیم احمد نے بیت بازی اور یش وردھن اور سمن اقبال نے غزل سرائی کی نظامت کی۔دونوں پروگراموں کے انعقاد کے لیے مالی تعاون غالب انسٹی ٹیوٹ، نئی دہلی نے فراہم کیا۔ فیسٹیول کے تیسرے دن عید ملن کا انعقاد کیا گیا جس میں رمضان اور عید کے تعلق سے گفتگو کے بعد ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔فیسٹیول کے تینوں دن کتابوں کی نمائش و فروخت اور خطاطی کے اسٹال لگائے گئے۔ ایم آر پبلیکیشنز دہلی نے بڑی تعداد میں کتابیں فروخت کیں۔