عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سینٹرل یونیورسٹی کے طلبأ کے لئے منعقدہ ایک ماہ کا انٹرن شپ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف اِنفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنزجموں و کشمیر میں اِختتام پذیر ہوا۔اِس موقعہ پر ایک مختصر اور بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر اطلاعات نتیش راجورا نے انٹر ن کو مُبارک باد پیش کی اور پروگرام کے دوران ان کی دلچسپی، محنت اور فعال شرکت کو سراہا۔اِس اِنٹرن شپ کا مقصد طلبأ کو میڈیا آپریشنز، تعلقات عامہ اور حکومت کے مواصلاتی نظام سے براہِ راست روشناس کرنا تھا۔ طلبأ کو میڈیا مینجمنٹ اور مواد کی تیاری کے مختلف شعبوں میں عملی تجربہ فراہم کیا گیاجس سے انہیں قیمتی علمی اور عملی مہارت حاصل ہوئی۔ڈائریکٹر اطلاعات نتیش راجورانے خطاب کرتے ہوئے انٹرنز کی سیکھنے کے جذبے کو سراہا اور انہیں میڈیا اور کمیونی کیشن کے متحرک شعبے میں مزید تحقیق اور دلچسپی جاری رکھنے کی تلقین کی۔ اُنہوں نے ایسے تربیتی پروگراموں کی اہمیت پر زور دیا جو تعلیمی اِداروں اور عملی ماحول کے درمیان فاصلے کو کم کرتے ہیں۔طلبأنے اس تعلیمی اور تجرباتی موقع فراہم کرنے پر محکمہ اطلاعات کا شکریہ اَدا کیا اور اپنے مثبت تجربات کا اظہار کیا۔ڈی آئی پی آر نے مستقبل میں اس طرح کے تعلیمی تعاون کے ذریعے نوجوانوں کی شمولیت اور ہنرمندی کی ترقی کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔