گاندربل//وادی میں کووِڈ – 19 معاملات میں اضافے کے پیش نظرسینٹرل یونیورسٹی کشمیر نے 27 اپریل 2021 بروز منگل سے لئے جانے والے تمام امتحانات ملتوی کردیئے ہیں۔یہ فیصلہ وائس چانسلر سینٹرل یونیورسٹی کشمیر پروفیسر معراج الدین میر کی زیر صدارت ایک میٹنگ میںلیا گیا۔میٹنگ میں اسکولوں کے تمام سربراہاں اور یونیورسٹی کے سینئر حکام نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران فیصلہ لیا گیا کہ کووِڈ – 19 کی صورتحال میں جونہی بہتری آئے گی اور آف لائن امتحانات ممکن ہوسکیں گے، تو ملتوی کئے گئے امتحانات کی تاریخوں کو ازنوسر مشتہر کیا جائے گا.میٹنگ میں آئندہ سیمسٹر کے لئے آن لائن کلاسز کا آغاز بھی 3 مئی 2021 سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ وقت کی بچت اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے کیا گیا کہ نئے سیمسٹر میں تاخیر نہ ہو۔ آئی ٹی ایس ایس سیکشن کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ آن لائن درس و تدریس کی سہولت کے لئے موزوں انتظامات کریں اور آن لائن لیکچرز کی فراہمی کے مناسب ریکارڈ کو برقرار رکھیں۔شعبوں کے سربراہان سے کہا گیا کہ وہ اگلے سیمسٹر کے لئے ایک مناسب تعلیمی تقویم تیار کریں ، جس میں مسلسل داخلی تشخیص کی تاریخیں اور اختتامی مدت کے امتحانات کی عارضی تاریخیں شامل ہوں۔