محمد تسکین
بانہال // جمعہ کی شام ضلع رام بن کی تحصیل اُکڑال پوگل پرستان میں پیش آئے ٹاٹا سومو کے دلدوز حادثے میں مرنے والوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا ہے اور وہ جی ایم سی اننت ناگ میں زیر علاج ہے ۔ اس خوفناک حادثے کا دلدوز پہلو یہ ہےکہ اس ٹاٹا سومو میں سوار چھ میں سے تین مسافر مقامی ڈرائیور ، ایک بس کنڈیکٹر اور ایک مسافر ہلاک ہوئے ہیں جبکہ واحد بچ نکلا زخمی ایک بس کنڈیکٹر ہے اور وہ زیر علاج ہے ۔ یہ المناک حادثہ جمعہ کی شام قریب ساڑھے سات بجے اسوقت پیش آیا تھا جب ایک ٹاٹا سومو گاڑی اکڑال ۔ سینابتی رابطہ سڑک پر جامع مدینہ مسجد ہل سینابتی کے پاس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر کم از کم چھ سو فٹ گہری کھائی میں گر گئی تھی اور اس حادثے میں دو افراد موقع پر ہی ہلاک ہوئے تھے جبکہ مقامی لوگوں نے بچاو کاروائیوں کے بعد تباہ ہوئی ٹاٹا سومو سے چار شدید زخمیوں کو پرائمری ہیلتھ سینٹر اُکڑال پہنچایا تھا جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد چاروں شدید زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا ۔ کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے بلاک میڈیکل آفیسر بانہال ڈاکٹر شبیر احمد ڈار نے بتایا کہ ایس ڈی ایچ بانہال لائے گئے چار زخمیوں میں سے ایک زخمی نے ہسپتال پہنچنے پر دم توڑ کر مرنے والوں کی تعداد کو تین تک پہنچایا تھا ۔ انہوں نے کہا بانہال ہسپتال سے تینوں شدید زخمیوں کو بہتر علاج کیلئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا تھا لیکن بانہال ہسپتال سے جی ایم سی اننت ناگ منتقل کرنے کے دوران تین میں سے ایک اور زخمی نے جمعہ رات دیر گئے قاضی گنڈ کے قریب دم توڑ دیا تھا جبکہ ہفتے کی صبح شیر کشمیر انسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سرینگر میں ایک اور زخمی زندگی کی جنگ ہار گیا اور یوں اس حادثے میں مرنے والوں کی تعداد پانچ تک پہنچ گئی ہے ۔ بانہال اور اکڑال میں تعینات ڈاکٹروں نے بتایا کہ لقمہ اجل بنے افراد میں بیشترکو شدید اندرونی اور بیرونی زخم آئے تھے اور کئی زخمیوں کو منہ سے خون بہہ رہا تھا ۔ پانچ مقامی افراد کی ہلاکت کے بعد رنج و غم میں ڈوبے سینابتی اور پرستان کے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹاٹا سومو رامبن ۔ سینابتی کے درمیان چلتی تھی اور دن بھراپنا کام انجام دینے کے بعد یہ بد نصیب ٹاٹا سومو جمعہ کی شام سینابتی بس سٹینڈ سے مقامی مسافر گاڑیوں کے دو اور ڈرائیوروں ، دو کنڈیکٹروں اور ایک سواری کو لیکر اپنے گھروں کو روانہ ہوئی تھی لیکن اپنی منزل کو پہنچنے سے دو کلومیٹر پہلے ہی موت نے ان کے آڑے آگئی اور یہ ٹاٹا سومو حادثے کا شکار ہوکر پانچ افراد کی موت کا باعث بن گئی ۔ لوگوں کا الزام ہے کہ اکڑال ہسپتال سے قریب پندرہ کلومیٹر دور سینابتی اور پرستان کے دیہات کیلئے سینابتی میں قائم نیو ٹائپ پرائمری ہیلتھ سینٹر کی ایمبولینس پچھلے قریب سات ۔ آٹھ برسوںسے کہیں اور لی گئی ہے جس کی وجہ سے جمعہ کو پیش آئے حادثے کے بعد زخمیوں کو مقامی گاڑیوں میں بھر کر پی ایچ سی اکڑال پہنچایا گیا جہاں سے مزیر ایمبولینس گاڑیوں کے ذریعے انہیں بانہال ہسپتال پہنچایا گیا ۔ پولیس نے اس حادثے میں مرنے والوں کی شناخت حادثے کا شکار ہوئی ٹاٹا سومو کے اکتالیس سالہ ڈرائیور اور مالک محمد رفیق گوجر ولد احمد گوجر ، رام بن ۔ سینابتی کے درمیان چلنے والی بس کے تیس سالہ ڈرائیور توقیراحمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ، ایک اور گاڑی کے اکیس سالہ ڈرائیور اعجاز احمد بٹ ولد نثار احمد بٹ، چوبیس سالہ بس کنڈیکٹر شکیل احمد ولد عبدالرشید بٹ تمام ساکنان گجراڑہ پرستان اور چالیس سالہ مسافر عبداللطیف گوجر ولد غلام حیسن ساکنہ لیل کھل بنگارہ کے طور کی ہے ۔ اس حادثے میں اٹھارہ سالہ بس کنڈیکٹر یاور احمد بٹ ولد مشتاق احمد بٹ زخمی ہوا ہے اور وہ جی ایم سی اننت ناگ میں زیر علاج ہے اور اس کی حالت قدرے بہتر بتائی جاتی ہے ۔