جموں//ویجی لنس نے مینڈھر کے سینئر پراسیکیوٹنگ افسر اعجاز الحسن کو 2لاکھ روپے بطور رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا ہے ۔ ویجی لنس کا الزام ہے کہ اسے قتل کے ایک ملزم کے خلاف کارروائی میں ڈھیل برتنے کےلئے بھاری بھر کم رشوت لینے کے لئے حراست میں لے لیا گیا۔ اس معاملہ میں مزید کئی گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔ ویجی لنس تھانہ میں دائر ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے مولوی مشتاق احمد ساکن پنیڑ سے اسے قتل کیس میں ملوث نہ کرنے کے عوض دو لاکھ روپے طلب کئے ، مولوی کے کئی اہل خانہ 2014میں ہوئے قتل میں ملزم تھے۔ تھنہ منڈی عدالت میں تعینات سینئر پراسیکیوٹنگ آفیسر اعجاز نے یہ رقم تین اقساط میں حاصل کی تھی۔ قابل ذکر ہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران ویجی لنس آرگنائزیشن نے 35سرکاری ملازمین و افسران کو حراست میں لیا ہے ۔