سرینگر// سرینگر کے باوقار سیمی رنگ روڈ پروجیکٹ کی رفتار کو تیز کرنے اور رنبیر گڑھ،پرتاب گڈھ میں محکمہ کسٹوڈین، محکمہ باغبانی اور مقامی زمینداروں کے درمیان زمین کے زیر التوا مسائل کو حل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنر سری نگر، محمد اعجاز اسد نے جمعہ کو یہاںایک اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر ڈی سی نے متعلقہ ایجنسی کو پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا( NHAI) کی جانب سے کام کی تکمیل میں کسی کو رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔135 کنال کی کسٹوڈین اراضی کے زیر التوا معاملے پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈی سی نے زمین کے ٹائٹل اور حد بندی کے تصفیہ کے لیے متعلقہ تحصیلدار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔سائٹ پر پھل درختوں کی دوبارہ تشخیص اور معاوضے کے حوالے سے ڈی سی نے کسانوں کو یقین دلایا کہ ہائی کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے کیونکہ یہ معاملہ زیر سماعت ہے۔قبل ازیں ڈی سی نے متاثرہ زمینداروں کے ساتھ بات چیت کی اور منصوبے کی تکمیل میں رکاوٹ بننے والے مسائل کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ڈی سی نے انہیں یقین دلایا کہ ان کے تمام حقیقی مسائل کو جلد حل کرنے کے لیے اولین ترجیح پر غور کیا جائے گا۔ انہوں نے انہیں بتایا کہ یہ منصوبہ عوامی اہمیت کا حامل ہے اور اس پروجیکٹ پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے تمام رکاوٹیں دور کر دی گئی ہیں۔کلکٹر پی ڈبلیو ڈی سندیپ بالی، ڈپٹی کسٹوڈین، چیف ہارٹیکلچر آفیسر، متعلقہ تحصیلدار اور دیگر افسران نے میٹنگ میں شرکت کی۔