نئی دہلی، 07 مئی (یو این آئی) ممبئی انڈینس کے خلاف آئی پی ایل 10 کے مقابلے میں ملی 146 رن کی کراری شکست سے مایوس دہلی ڈئیر ڈیولس کے کپتان ظہیر خان نے کہا کہ لینڈل سیمنس اور کیرون پولارڈ کی طوفانی اننگز نے ٹیم کو فتح سے دور کر دیا ۔میچ کے بعد ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے ظہیر نے کہاکہ ٹاس جیت کر ہم فیلڈنگ کرتے وقت خاص منصوبہ بندی کے ساتھ اترے تھے اور اسی کے مطابق آگے بڑھ بھی رہے تھے لیکن پولارڈ اور سیمنس نے طوفانی نصف سنچری بناتے ہوئے بڑا اسکور بنا دیا جس کے دبا¶ میں ہماری بیٹنگ بعد میں بکھر گئی۔اسٹار فاسٹ بولر نے اپنے بلے بازوں کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ جب آپ 200 کے پار کے ہدف کا تعاقب کر رہے ہوں تو آپ کے پاس کھل کر کھیلنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں رہ جاتا ہے ۔ آپ کے پاس ہر گیند پر حملہ کرنے کا واحد راستہ رہ جاتا ہے ۔ایسے میں اچھا دن ہوتا ہے تو آپ میچ جیت جاتے ہیں۔