عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جموں و کشمیررورل لائیو لی ہڈ ز مشن( جے کے آر ایل ایم)نے جموں و کشمیر محکمہ صحت کے اِشتراک سے ایک اہم اقدام کے تحت سیلف ہیلپ گروپوں( ایس ایچ جیز) کے لئے مفت طبی ہیلتھ کیمپوں کا اِنعقاد کیاجس کا مقصد کمیونٹی کی فلاح و بہبود اور صحت سہولیات تک رَسائی کو بہتر بنانا ہے۔مشن ڈائریکٹر ڈاکٹر شبھرا شرما کی قیادت میں اِن طبی کیمپوں کا مقصد جے کے آر ایل ایم سے منسلک خواتین سیلف ہیلپ گروپوں کے اراکین کے لئے جامع صحت کے جائزے اور سکریننگ فراہم کرنا تھا تاکہ دیہی علاقوں میں صحت سہولیتوں کی کمی کو دور کیا جا سکے۔یہ کیمپ جموں و کشمیر کے مختلف اَضلاع میں منعقد کئے گئے جہاں ماہرین صحت اور جے کے آر ایل ایم کے عملے نے مل کر ایس جی ایچ اراکین کو بنیادی طبی خدمات فراہم کیں۔ کیمپوں میں عمومی صحت کی جانچ، عام بیماریوں کی سکریننگ اور غذائیت و صفائی ستھرائی سے متعلق بیداری سیشنزشامل تھے۔اِس موقعہ پر مشن ڈائریکٹر جے کے آر ایل ایم ڈاکٹر شبھرا شرما نے کہا، ’’یہ کیمپ جے کے آر ایل ایم کے اُس وسیع مشن کا حصہ ہیں جس کا مقصد دیہی کمیونٹیوں کو بااِختیار بنانا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مشن سے جڑی ہر عورت کو مفت اور معیاری طبی سہولیات بہ آسانی میسر ہوں۔‘‘ڈاکٹر شبھرا شرما نے کمیونٹی کی شمولیت اور صحت سے متعلق ایسے اَقدامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اِس طرح کے پروگرام دیہی ترقی میں مثبت کردار اَدا کرتے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’ہمارے سیلف ہیلپ گروپ دیہی معیشت میں اہم کردار اَدا کرتے ہیں اور ان کی صحت ہماری اوّلین ترجیح ہے۔ محکمہ صحت کے ساتھ یہ اِشتراک ہماری ہمہ جہت ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے‘‘۔