سرینگر// لبریشن فرنٹ کے محبوس چیئرمین محمد یاسین ملک نے خیبر ہسپتال سے جاری اپنے ایک بیان میں کشمیر میں جاوی جبر و تشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہ ختم ہونے والا یہ ظلم و جبر دراصل پی ڈی پی حکمرانوں کی ناگپوری فسطائیت کے ساتھ ناجائز رشتہ قائم کرنے کا شاخسانہ ہے ۔ محبوس فرنٹ چیئرمین نے کہا کہ پی ڈی پی جو کبھی جموں کشمیر کیلئے سیلف رول اور عزت کی زندگی کے نعرے مار کر کشمیریوں کو دھوکہ دیتی پھرتی تھی نے اقتدار کی ہوس میں آر ایس ایس کی فسطائیت کے ساتھ رشتہ باندھنے کے فوراً بعد اپنے اصلی رنگ میں آنا شروع کردیا تھا اور اقتدار کے حصول کے ساتھ ہی انہوں نے اپنے مسلم و کشمیر دشمن خاکوں میں رنگ بھرنے کا کام شدومد کے ساتھ شروع کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے بیشتر مکروہ منصوبوں جن میں حالیہ جی ایس ٹی قانون کا جموں کشمیر میںنفاذ بھی شامل ہے کے خلاف کشمیریوں نے بے مثل اتحاد و اتفاق اور بیش بہا قربانیوں دے کر مزاحمت کی ہے ۔ ’یوم برہان ‘پر کشمیر بھر میں کرفیو کے نفاذ ،قدغنیں عائد کرنے،سینکڑوں افراد کو زنداں خانوں کی زینت بنانے،لوگوں پر بے دریغ گولیاں ،پیلٹ،اشک آور اور مرچی شیل نیز لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کرکے خواتین اور بچوں سمیت کئی لوگوں کو زخمی کردینے کو بھارتی حکمرانوں اور ان کے کشمیری گماشتوںکی واضح بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے ملک نے کہا کہ کب تک یہ ظلم و جبر آواز خلق کو دبائے رکھنے میں کامیاب ہوگا اور کب تلک اس ظلم و جبر اور فوجی تسلط کے بل پر جموں کشمیر کے لوگوں کے آزادی کی جانب پیش قدمی کو روکا جاسکے گا۔