عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//متعدد اراکینِ اسمبلی جن میں رُکن اسمبلی پانپور جسٹس (ر) حسنین مسعودی، ممبر قانون ساز اسمبلی کرناہ جاوید احمد مرچال اور ممبر اسمبلی راجوری افتخار احمد شامل تھے، نے کل’ رابطہ ‘ عوامی رسائی آفس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ملاقات کی۔ اَرکانِ قانون ساز نے وزیر اعلیٰ کو اپنی اپنی حلقوں میں جاری ترقیاتی مسائل اور حالیہ سیلاب کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا۔میٹنگ میں اَرکان مختلف مسائل اُٹھائے جن میںبنیادی شہری سہولیات کی بہتری،سڑکوں کی حالت اور رابطہ سڑکوں کی تعمیر،صحت سہولیات میں بہتری،سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنا شامل ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ عوام کی زِندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔اراکینِ اسمبلی نے وزیر اعلیٰ کو حالیہ سیلاب سے فصلوں اور گھروں کو پہنچنے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا۔